وارانسی، 5؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں پوروانچل کی سیٹوں پر اپوزیشن پارٹیوں کو چاروں خانے چت کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں جم کر تشہیر کر رہے ہیں،اسی کڑی میں وزیر اعظم مودی نے ہفتہ کو وارانسی میں تین گھنٹے کا روڈ شو کیا۔اس دوران وزیر اعظم مسلم اکثریتی علاقوں سے بھی گزرے، اس دوران ان کا روڈ شو مسلم علاقے مدن پورہ میں 30منٹ کے لیے رکا، یہاں وزیر اعظم مودی نے ایس پی جی سے کہہ کر باؤنی کے سردار حاجی مختار احمد مہتو کی جانب سے پیش کئے گئے گلدستے اور شال کو قبول کیا ، اس بات پر سبھی کی توجہ اس وجہ سے گئی ، کیونکہ وزیر اعظم مودی نے شال کو پیشانی سے لگایا اور اس کو سر پر بھی رکھا۔قابل غور بات یہ ہے کہ پوروانچل کے تمام اضلاع کے 51سرداروں کے سربراہ کو باؤنی سردار کہاجاتا ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کو گلدستہ پیش کرنے والے حیدر عباس نے ایک ٹی وی چینل سے بات چیت میں کہا کہ وزیر اعظم مودی کے اس طریقہ کو دیکھ کر انہیں اور ان کے سماج کو کافی اچھا لگا۔انہوں نے امید ظاہر کی وزیر اعظم جلد ہی مسلمانوں کی ٹوپی بھی پہنتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں۔حیدر نے بتایا کہ ان کے اور ان کے معاشرے کے لوگوں کو بغیر سیکورٹی چیک کے وزیر اعظم کے نزدیک آنے دیا گیا۔میڈیا رپورٹوں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے روڈ شو کے دوران ایس پی جی کے کمانڈو سے کہہ کر مسلم لیڈروں کی جانب سے لائے گئے تحفوں کو منگوایا۔